نئی دہلی،03/نومبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) قومی دارالحکومت میں ہوا کے معیار کے بد سے بدتر ہو جانے سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آلودگی کو لے کر سیاست نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، پڑوسی ریاستوں اور مرکز سے ساتھ بیٹھ کر پرالی جلانے کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ کرنے کو کہا۔کیجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت الزام تراشیوں میں نہیں پڑی ہے بلکہ پرالی جلانے سے ہو رہی آلودگی کے حل کو تلاش رہی ہے۔انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ اس معاملے میں سیاست نہیں کرنا چاہئے۔دہلی کے لوگ شہر میں آلودگی کو کم کرنے کے لئے جو کر سکتے تھے، وہ سب کچھ کیا لیکن پرالی جلانے کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔کیجریوال نے پرالی جلانے کو روکنے کے لئے مرکز کی طرف سے پرالی کو نمٹانے والی مشینوں کے تقسیم میں سست روی پر سوال اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب اور ہریانہ میں، اب تک 63,000مشینیں کسانوں کو دستیاب کرایا گیاہے۔ان ریاستوں میں 27 لاکھ کسان ہیں۔تمام کسانوں کو ان مشینوں کی تقسیم کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟ کتنی دیر تک ہم اس آلودگی کو جھیلتے رہیں گے؟کیجریوال نے تمام ہمسایہ ریاستوں اور مرکز سے ساتھ بیٹھ کر دہلی میں پرالی جلانے سے ہونے والے آلودگی کے حل پر بات چیت کرنے کی اپیل کی۔وزیر اعلی نے پیر سے شروع ہو رہی طاق اور جفت فارمولے پر عمل کرنے کی بھی دہلی سے اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اس منصوبہ کے دوران، اگر وہ اپنی کارکا استعمال نہیں کر سکتے ہیں تو وہ کارپول (مشترکہ کار) کا استعمال کریں۔میں بھی سختی سے اس منصوبہ پر عمل کروں گا۔دہلی میں شدید آلودگی ہے۔دہلی میں دوپہر دو بجے اے کیو آئی 489 تھا جو سنگین زمرے میں آتا ہے۔